نئی دہلی، 15؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو ماضی میں لگائی جا رہی قیاس آرائیوں کے مطابق اتوار کو کانگریس میں شامل ہو گئے۔اس سے پہلے سدھو نے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی سے بھی ملاقات کی۔راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد ہی سدھو نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔راہل گاندھی نے خود سدھو کو گلے میں کانگریس پارٹی کا علامتی پٹکا پہنا کر پارٹی کا ممبر بنایا۔اس سے پہلے کانگریس نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے جمعہ کو 10امیدواروں کی اپنی چوتھی لسٹ جاری کی تھی جس میں امرتسر (مشرقی) سیٹ سے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا تھا ۔سدھو کانگریس میں شامل ہونے کے بعد اب اس سیٹ سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔فی الحال اسی سیٹ سے ان کی بیوی نوجوت کور سدھو رکن اسمبلی ہیں۔کانگریس کل 117سیٹوں میں سے 108سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر چکی ہے، ریاست میں 4 ؍فروری کوووٹ ڈالے جائیں گے ۔دراصل راجیہ سبھا سے استعفی دے کر بی جے پی کا دامن چھوڑنے والے نوجوت سنگھ سدھو کے کبھی عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی لگائی جارہی تھی ، تو کبھی الگ پارٹی بنانے کی بھی قیاس آرائی لگائی گئی تھی ۔حالانکہ نوجوت کور کے کانگریس میں شامل ہونے کے ساتھ ہی سدھو کے کانگریس کادامن تھامنے کے قیاس آرائی کی جا رہیں تھی۔اس سے پہلے سدھو کے کانگریس میں شامل ہونے کو لے کر ان کی بیوی نوجوت کور نے کہا تھا کہ ان کے شوہر نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے اور اگر پنجاب میں کانگریس حکومت بناتی ہے تو انہیں ریاست میں اہم رول دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔